ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / مودی اگر ’چوکیدار‘ ہیں تو اسیمانند کو بری کیے جانے کے خلاف اپیل کریں: اویسی

مودی اگر ’چوکیدار‘ ہیں تو اسیمانند کو بری کیے جانے کے خلاف اپیل کریں: اویسی

Thu, 21 Mar 2019 22:25:26  SO Admin   S.O. News Service

حیدرآباد:21 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین چیف اسد الدین اویسی نے پی ایم مودی کے ’میں بھی چوکیدار‘ مہم پر حملہ بول دیا ۔ پلوامہ، اری اور پٹھان کوٹ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے اویسی نے پی ایم مودی پر حملہ بولتے ہوئے پوچھا ہے کہ آپ کس طرح کے چوکیدار ہیں۔ سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس میں ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نریندر مودی اصل میں ملک کے’چوکیدار‘ ہیں تو اسیمانند کو بری کئے جانے کیخلاف حکومت کو اپیل کرنا چاہئے۔ پی ایم مودی کے ’میں بھی چوکیدار‘ مہم پر حملہ کرتے ہوئے اویسی نے بدھ کی رات ایک انتخابی ریلی میں کہاکہ :’آپ کس طرح کے چوکیدار ہیں؟ جاں بحق ہونے والوں میں 25 بھارتی بھی تھے۔ بم دھماکے ایک دہشت گرد انہ ایکٹ ہے۔ آپ کس طرح چوکیدار ہیں؟۔ واضح ہو کہ ہریانہ کے پنچ کولہ کی ایک خصوصی عدالت نے بدھ کو سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ کیس میں اسیمانند اور 3 دیگر ملزمان کو بری کر دیا ہے ۔ 2007 میں ہوئے سمجھوتہ ایکسپریس دھماکہ میں 68 افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں زیادہ تر پاکستانی تھے۔ اویسی نے کہا کہ اگر مودی اصل میں چوکیدار ہیں تو انہیں فوری طور پر یہ اعلان کرنا چاہئے کہ حکومت کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گی۔اویسی نے جیش محمد سرغنہ مسعود اظہر کیخلاف اقوام متحدہ میں پابندی نہ لگ پانے کو بھی مودی حکومت کی ’ جھولا ڈپلومیسی‘ کی ناکامی قرار دیا ۔ ان کا اشارہ چینی صدر کو احمد آباد میں’ جھولا جھلانے ‘کی طرف تھا ۔ 


Share: